پاکستان کا امریکی ڈی کلاسیفائیڈ انٹیلی جنس رپورٹ پر بیان
اسلام آباد: مورخہ 27 فروری 2021
ہم نے جمال خشوگی کی ہلاکت کے ”تعین“ سے متعلق منظرعام پر آنے والی امریکی انتظامیہ کی ڈی کلاسیفائیڈ انٹیلی جنس رپورٹ دیکھی ہے۔
ہم نے یہ نوٹ کیا ہے کہ سعودی حکومت نے جمال خشوگی کے قتل کو ”بہیمانہ جرم“ اور ”سلطنت کے قوانین اور اقدار کی سنگین خلاف ورزی“ قرار دیا ہے۔
سعودی حکومت نے مزید زوردیا کہ اس نے اپنے نظام عدل کے اندر موجود وہ تمام ممکنہ اقدامات کئے ہیں جن کے ذریعے جرم کرنے والوں کی مکمل تحقیقات ، انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے، سزا ا ور انصاف کے تمام تقاضے یقینی ہوں۔ پاکستان اس ضمن میں سعودی کوششوں کا اعتراف کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتا ہے۔
پاکستان قانون کی حکمرانی کی پاسداری، قومی خودمختاری کے احترام اور تمام ریاستوں کی جانب سے ان کے آئینی فریم ورک اور عالمی ذمہ داریوں کے مطابق انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ پر زور دیتا ہے۔