پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 7 مئی 2020

بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںبھارتی قابض فوج کے ہاتھوں ظالمانہ پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں مسلسل بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشناک امر ہے۔

بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافے کے باوجود بھارتی قابض افواج کشمیری عوام کے خلاف جبر وتشدد کی لامتناہی مہم شروع کئے ہوئے ہیں۔ بے گناہ کشمیری جعلی مقابلوں، چھاپوں اور گھر گھر تلاشی کی آڑ میں شہید کئے جارہے ہیں۔ غیرانسانی رویہ اختیار کرتے ہوئے شہداءکے جسد خاکی بھی ان کے خاندان کو واپس نہیں کئے جارہے۔ ہزاروں کشمیری مرد، عورتیں اور بچے بھارتی جبرواستبداد کے خلاف سراپا احتجاج ہیں تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔

نام نہاد ”مقابلے“ میں ایک اور مقامی کشمیری حریت پسند کو شہید کرنے کے بعد گزشتہ دن سے قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طورپر بند کردی ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ بھارتی فوج نے پرامن احتجاج کرنے والوں پر فائرنگ کی اور پیلٹ گنز کانشانہ بنایا جس سے کم ازکم ایک بے گناہ کشمیری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ بھارتی بہیمانہ ظلم وبربریت کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ وہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کی اپنی اور مقامی مزاحمتی تحریک کچل نہیں سکتا اور نہ ہی ان کے عزم وہمت اور استقامت کو متزلزل کرسکتا ہے۔ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں تیز ہوتی مزاحمت کشمیریوں پربھارت کے سفاکانہ ظلم وجبر اور استبداد کا براہ راست ردعمل ہے۔

ہم ایک بار پھر ”دراندازی“ کے بے بنیاد بھارتی الزامات مسترد کرتے ہیں جن کا مقصد بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا اور کسی ممکنہ ”فالس فلیگ“ آپریشن کے لئے ایک بہانہ تراشنا ہے۔ ایسے کسی بھی ممکنہ بھارتی اقدام کے بارے میںہم مسلسل عالمی برادری کو آگاہ کرتے آرہے ہیں۔ ہم نے بھارت پرہمیشہ زور دیا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی حماقت اور غیرذمہ دارانہ حرکت سے باز رہے کیونکہ اس کے خطے کے امن وسلامتی پر انتہائی تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

ہم ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ صورتحال کا نوٹس لے کر بھارت کو غیرقانونی اقدامات سے روکے اور بھارت کا محاسبہ کرے جن سے جنوبی ایشیاءکے امن وسلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوںاور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں وکشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرے۔
٭٭٭٭٭

201/2020
Close Search Window