پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 3 مئی 2020

پاکستان نے افغانستان میں امن واستحکام کی اہمیت پر ہمیشہ زوردیا ہے جسے ہم خطے اور پوری دنیا میں امن و استحکام کے لئے ناگزیر سمجھتے ہیں۔

فروری 2020ءمیں طے پانے والا امریکہ طالبان امن معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے جس سے اس ضمن میں مزید آگے بڑھنے کے لئے بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کا ایک تاریخی موقع میسرآیا ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ تمام متعلقہ فریقین کی جانب سے تشدد میں بتدریج کمی کی کوششیں افغانستان میںامن کے قیام کے مقصد میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔ کورونا وباءسے درپیش غیرمعمولی چیلنج اور رمضان کے مقدس مہینے کا تقاضا ہے کہ ایک سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔

پاکستان تمام افغان جماعتوں اور متعلقہ فریقین کے درمیان سیاسی مفاہمت کی اہمیت پر زوردینا چاہتا ہے۔ سب کی شمولیت کا حامل سیاسی نظام بلاشبہ ان کوششوں کو تقویت دینے میں مددگار ہوگا جس کی اس نازک گھڑی میں افغان قوم کو اشدضرورت ہے تاکہ وہ درپیش چیلنجوں سے موثر طورپر نبردآزما ہوسکے ۔

پاکستان اپنے حصے کے طورپر پرامن، مستحکم، متحد، جمہوری اور خوشحال افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا جو داخلی طور پر اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ بھی امن کا حامل ہو۔
٭٭٭٭٭

195/2020
Close Search Window