پاکستان کا خلیجی ممالک کے درمیان مثبت پیش رفت کا خیرمقدم
اسلام آباد: مورخہ 5 جنوری 2021
پاکستان سعودی عرب اور قطر کے دونوں ممالک کے درمیان زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں دوبارہ کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ہم خلیج تعاون کونسل (جی۔سی۔سی) ممالک کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں جس سے تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تقریبا چار سال سے جاری متنازعہ امور حل کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان ’جی۔سی۔سی‘ ممالک کے درمیان اختلافات حل کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کرنے پر امیر کویت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ان کی اور ’جی۔سی۔سی‘ ممالک کے تعاون کی مسلسل اور مخلصانہ کوششوں سے افہام وتفہیم پر مبنی اس اہم نتیجے کے سامنے آنے کی راہ ہموار ہوئی۔
ہم امید کرتے ہیں کہ آج العلا میں ہونے والے ’جی۔سی۔سی‘ سربراہ اجلاس کے انعقاد سے اس حوصلہ افزا پیش رفت کو مزید تقویت ملے گی اور تنظیم کے ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔
پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ساتھ اپنے روابط اور ’جی۔سی۔سی‘ ممالک کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بے انتہاءاہمیت دیتا ہے۔