پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 13 مئی 2020

دنیا کورونا کی عالمی وباءسے برسرپیکار ہے، ان حالات میں بھارت اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام پر سفاکانہ مظالم میں اضافہ کرچکا ہے۔

بڈگام میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی۔آر۔پی۔ایف) کے ہاتھوں پیر مہراج الدین کا سفاکانہ قتل قابض بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں کے قتل عام کی مہم کا تازہ ثبوت ہے جس کی شدت میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ اس بہیمانہ قتل کے خلاف کشمیری مرد اور خواتین نے احتجاج کیا تو سینکڑوں نہتے مظاہرین پر پولیس کے ذریعے طاقت کا بے رحمانہ استعمال کیاگیا اور پرامن مظاہرین کو وحشیانہ تشدد، پیلٹ گنز اور آنسو گیس سے نشانہ بنایاگیا جس سے متعددمظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس بھارتی جبر وتشدد کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔

بھارت ظلم اور جبر واستبداد کے خواہ کتنے ہی ہتھکنڈے کیوں نہ استعمال کرلے، کشمیری عوام کے عزم واستقلال کو متزلزل نہیں کرسکتا اور نہ ہی بھارت اپنے ظلم کے ذریعے استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق کے لئے کشمیریوں کے عزم کو دبا نہیں سکتا۔

عالمی برادری بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام کے خلاف انسانیت سوز جرائم کا نوٹس لے اور بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کے لئے کشمیریوں کو ان کا حق دینا ہوگا۔

211/2020
Close Search Window