پریس ریلیز|

(پریس ریلیز نمبر 83/2021)
پاکستان کی جانب سے بھارتی غیرذمہ دارانہ مہم جوئی کا موثر جواب دینے کا دن تجدید عہد کے ساتھ منایا گیا
 
اسلام آباد: مورخہ 27 فروری 2021
 
پاکستانی قوم دو سال قبل بھارت کی غیرذمہ دارانہ مہم جوئی کے بھرپور جواب کے دن کو آج فخر سے یاد کرتی ہے۔
 
چھبیس فروری دوہزار انیس کو بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ، اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قانون کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے اندر فضائی حملہ کیا۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے اس جارحیت کا موثر جواب دیا اور مثالی پیشہ وارانہ اہلیت ولیاقت کا شاندارمظاہرہ کیا۔
 
ستائیس فروری دوہزار انیس کو پاکستان کی فضائیہ نے دوبھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک بھارتی ہوا باز کو گرفتار کرلیا۔ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے ایک بار پھر نہ صرف اپنی جغرافیائی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا بلکہ انتہائی ضبط وتحمل اور ذمہ دارای کا بھی مظاہرہ کیا۔ پکڑے جانے والے بھارتی ہوا باز کو امن پسندی کے اظہار کے طورپر واپس کردیاگیا۔
 
پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام کسی بھی مہم جوئی یا خطرے کے خلاف اپنے اس آہنی عزم کے ساتھ متحد ہیں کہ پاکستان کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کابھرپور تحفظ اور دفاع کریں گے۔
 
اس دن کو مناتے ہوئے ہم ایک بارپھر دنیا پر واضح کرتے ہیں کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں وکشمیر سمیت تمام دیرینہ تنازعات کے حل کے لئے پرعزم ہے۔
٭٭٭٭٭
83/2021
Close Search Window