مارچ 2, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 2 مارچ 2020
اقوام متحدہ کے کمشن برائے نارکوٹیکس ڈرگز (سی این ڈی) کا تریسٹھواں اجلاس آج ویانا میں شروع ہوگیاجس کی صدارت اقوام متحدہ کی ویانا میں تنظیموں کے لئے پاکستان کے مستقبل مندوب سفیر منصور احمد خان نے کی۔
انسداد منشیات کے لئے پاکستان کے وزیر مملکت شہریار خان آفریدی نارکوٹیکس ڈرگز کمشن (سی۔ این۔ ڈی) کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی کررہے ہیں۔ اجلاس 2 سے 6 مارچ 2020 تک جاری رہے گا۔
منشیات اور جرائم کے انسداد سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر (یو۔ این۔ او۔ ڈی۔ سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ویانا میں اقوام متحدہ کی مختلف تنظیموں کے سربراہان افتتاحی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اپنے خطبہ استقبالیہ میں سفیر منصور احمد خان نے کہاکہ نارکوٹیکس ڈرگز پر کمشن اقوام متحدہ کے منشیات کے انسداد کے حوالے سے عزم کا مظہر ہے، کمشن کی کاوشوں میں نئے سائیکوایکٹو مواد کے خطرے سے نمٹنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ اس اجلاس میں مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اپنا بھرپور حصہ ڈالیں تاکہ مشترک اہداف کو حاصل کیاجاسکے۔
پاکستان کے قومی بیانیہ کا اظہارکرتے ہوئے وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے اس عفریت اور خطرے سے نجات پانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہاکہ خطے میں ٹرانزٹ سٹیٹ کے طورپر پاکستان اس مسئلے سے بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں بالخصوص پاکستان جیسی رکن ریاست کی استعداد کار میں اضافے اور تکنیکی معاونت کی اہمیت پر زور دیا جو منشیات کے خاتمے کے لئے ہراول دستے کے طورپر برسرپیکار ہے۔
اقوام متحدہ کے کمشن برائے نارکوٹیکس ڈرگز کی صدارت پاکستان کو ملنا پاکستان کے اس قائدانہ کردار کا اعتراف ہے جو عالمی اداروں بشمول اقوام متحدہ کی تنظیموں اور ذیلی محکموں میں اس مقصد کے حصول کے لئے پاکستان ادا کررہا ہے۔
Last modified: مارچ 3, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.