پریس ریلیز|

پاکستان کی میزبانی میں کورونا عالمی وباءکے مسئلے پر سارک وزراءصحت کی وڈیو کانفرنس آج منعقد ہوئی۔ سارک کے تمام رکن ممالک کے علاوہ تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایسالہ رووان ویراکون کانفرنس میں شریک ہوئے۔ 
 
وزیر اعظم کے امور صحت سے متعلق معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے اجلاس کی صدارت کی۔ سری لنکا کی وزیر صحت مسز پاویتھرا وانی آراچی، نیپال کے صحت اورآبادی سے متعلق وزیر مملکت جناب نبراج راوت، افغان کے امور صحت کے نائب وزیر ڈاکٹرواحد مجروح، بھوٹان کے سیکریٹری صحت ڈاکٹر اوگن دوپھو، بنگلہ دیش کے امور صحت کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر عبدالکلام آزاد، مالدیپ کی صحت عامہ کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ میمونہ ابوبکر اور بھارت کے ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر راجیو گَرگ نے اپنے اپنے وفود کی نمائندگی کی۔ 
 
کانفرنس میں کلینیکل ڈیٹا اور معلومات کے باہمی تبادلے، استعدادکار بڑھانے ، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی تربیت، ادویات اور طبی سازوسامان کی فراہمی، تحقیق کے شعبے میں اشتراک عمل اور تعاون میں اضافے کے علاوہ عالمی ادارہ صحت سمیت عالمی تنظیموں سے تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ 
 
پاکستان کا نکتہ نظر بیان کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے زوردیا کہ گنجان آبادی، صحت عامہ اور مرض کی بنیادی نگرانی کے کمزور نظام کے باعث جنوبی ایشیاءخاص طورپر خطرے کی زد میں ہے۔ اس وباءسے جڑے مسائل اور مشکلات کے پیش نظر ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھنے کی ہرگز گنجائش موجودنہیں۔ 
 
ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان کی طرف سے وبا کی روک تھام اور ریلیف کے اقدامات سے کانفرنس کے شرکاءکو آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کورونا کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے سمارٹ لاک ڈاون کی پاکستان کی حکمت عملی کو بیان کیا تاکہ معاشی سرگرمیوں میں کم سے کم رکاوٹ یقینی ہو۔ کانفرنس کے شرکاءنے مل کر کام کرنے اور جنوبی ایشیاءکے سماجی ومعاشی حالات کے پیش نظر بہترین عالمی طریقوں کو اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔ 
 
میڈیکل یونیورسٹیز، ماہرین اور تحقیقی اداروں میں تیزی سے روابط پیدا کرنے کا جائزہ لیاگیا۔ کانفرنس کے دوران پاکستان نے سارک رکن ممالک کے صحت کے اداروں میں وسیع تر اشتراک عمل کی تجویز دی تاکہ عالمی وباءکا مقابلہ کیاجاسکے۔ اس ضمن میں صحت اور آبادی کی سرگرمیوں سے متعلق سارک ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل کی تجویز دی گئی۔ کانفرنس کے شرکاءنے صحت کے شعبے بالخصوص علاقائی سطح پر کورونا کی وباءکے مقابلے کے لئے کوششوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ 
 
صحت کے وزراءکانفرنس کی وڈیو کانفرنس سارک عمل اور کورونا جیسی وبائی صورتحال میں رکن ممالک کے درمیان قریبی تعاون میں اضافے کے لئے پاکستان کی کوششوں کے عزم کا اعادہ ہے۔ 
 
تمام رکن ممالک اور سیکریٹری جنرل سارک نے وڈیو کانفرنس کے بروقت اہتمام پر پاکستان کے اقدام کو سراہا۔ 
176/2020
Close Search Window