وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سے برادر جمہوریہ عراق کے لئے تین جہازوں میں کورونا وبا کے مقابلے سے متعلق امدادی سامان بھجوایا جارہا ہے۔
امدادی سامان سے لدا پہلا جہاز عراق روانہ کردیاگیا ہے ، اس موقع پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این۔ڈی۔ایم۔اے) کے چئیرمین، وزارت خارجہ کے حکام اور پاکستان میں عراق کے سفیر موجودتھے۔دو دیگر جہاز امدادی سامان لے کر آئندہ ہفتے عراق روانہ ہوں گے۔
پاکستان اور عراق کے درمیان مشترک عقیدے اور اقدار پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات قائم ہیں جو اعلی سطحی دوطرفہ دوروں سے عبارت ہیں اور مختلف شعبہ جات میں دونوں کے درمیان تعاون مزید فروغ پا رہا ہے۔
کورونا وبا ایک عالمی مسئلہ ہے جس پر عالمی یک جہتی اور تعاون سے ہی قابو پایاجاسکتا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام اس مشکل گھڑی میں عراق کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔