وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وینگ یی نے مطلع کیا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک چین پاکستان کو پانچ لاکھ کی مقدار میں کورونا وباءکے علاج کی ویکسین فراہم کردے گا۔ چین کی جانب سے یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان استوار سدابہار سٹرٹیجک کوآپریٹو شراکت داری کی گہرائی اور احساس کی غمازی ہے۔
سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وینگ یی نے زور دیا کہ بیجنگ ’کین سینو‘ اور ’سائنوویک‘کی تیارکردہ ویکسین بھی فراہم کرے گا تاکہ کورونا وبا کی دوسری لہر سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد ہوسکے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وینگ یی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر چین نے ایک مرتبہ پھر اپنے مثالی جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے جناب وینگ یی کو آگاہ کیا کہ مختلف ممالک میں ’سائنو فارم‘ کے کامیاب تجربات کے بہترین نتائج اور ہماری تاریخی دوستی کے تناظر میں پاکستان نے ’سائنو فارم ویکسین‘ کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
سٹیٹ قونصلر وینگ یی نے اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آئرن برادرز ہیں اور چین و پاکستان کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں سرفراز وسربلند رہی ہے۔ دونوں وزرا خارجہ نے پاکستان اور چین کے تعلقات میں اشتراک عمل اور کمیونیکیشن کو مزید بڑھانے اور مضبوط ومستحکم کرنے میں سی پیک کو ’بی۔آر۔آئی‘ کا انتہائی اعلی معیار کا حامل منصوبہ بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔