پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ10 جنوری2020
ممتاز پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمن کو چین انٹرنیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوآپریشن ایوارڈ برائے 2020 سے نوازگیا ہے جو سائنس کے شعبے میں چین کا اعلی ترین ایوارڈ ہے۔ بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں دس جنوری دوہزار بیس کومنعقدہ تقریب میں چین کے صدر نے یہ اعزاز پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمن کو عطا کیا۔ 
 
پروفیسرڈاکٹر عطاءالرحمن کو یہ ایوارڈ کیمیاءاور دیگر شعبہ جات میں ان کی اس بھرپور اشتراکی کوششوں کے اعتراف میں دیاگیا ہے جو انہوں نے نامیاتی کیمیائ، جینیات، دوا سازی، زرعی سائنس، وائرس سے متعلق تحقیق، نینو ٹیکنالوجی اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں چین کے ساتھ مل کر انجام دیںاور چین کے ساتھ مل کران شعبوں کو ترقی دی ہے۔ 
 
یہ اعلی اور باوقار اعزاز اس سے قبل 1984ءمیں طبیعات میں نوبل انعام یافتہ اٹلی کے ڈاکٹر کارلو روبیا اور 2000 ءمیں طبعیات میں نوبل انعام یافتہ روس کے ڈاکٹر ژورس آئی ایلی فرو کو بھی عطاءکیاگیا تھا۔ 
 
پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمن کو حکومت پاکستان نے چار سول اعزازات عطا کئے جن میں تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز اور اعلی ترین قومی ایوارڈ نشان امتیاز شامل ہے۔ پروفیسرعطاءالرحمن وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے سائنس وٹیکنالوجی کے چئیرمین، علوم کی بنیاد پر معاشی ترقی سے متعلق وزیراعظم کی ٹاسک فورس کے نائب چئیرمین اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر ٹاسک فورس کے شریک چئیرمین کے طورپر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ قبل ازیں وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بانی چئیرمین کے طورپر بھی قوم کے لئے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ 
 
انہوں نے نامیاتی کیمیاءکے مضمون میں کیمرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی سند1968ءمیں حاصل کی۔ نامیاتی کیمیاءکے شعبہ میں ایک ہزار دو سو پچاس تحقیقات شائع ہوچکی ہیں جن میں 775 تحقیقی تحریریں، 45 انٹرنیشنل پیٹنٹس، کتب میں 69 ابواب اور 341کتب شائع شائع ہوئیں۔ ان میں سے زیادہ ترامریکہ اور یورپ کے اشاعتی اداروں نے شائع کی ہیں۔ وہ یورپ کے کیمیاءسے متعلق آٹھ مجلوں کے میدیراعلی ہیں۔ وہ قدرتی اشیاءسے متعلق دنیا کے سب سے بڑے معلوماتی سلسلے کے مدیر ہیں۔ ”سٹڈیز اِن نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری‘ کے عنوان سے یہ 62جلدوں پر محیط معلوماتی سلسلہ ہے جو گزشتہ دو دہائیوں میں ان کی ادارت میں شائع ہورہا ہے۔ کم ازکم 82طالب علموں نے ان کی زیرنگرانی اپنی پی ایچ ڈی کی اسناد مکمل کی ہیں۔ 
14/2020
Close Search Window