کورونا وائرس کی عالمی وباءسے نمٹنے اوراس پر قابو پانے کے لئے سارک کے رکن ممالک کی وڈیو کانفرنس آج شام منعقد ہوئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی اور وزیرمملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
ڈاکٹر ظفرمرزا نے کورونا کی عالمی وبا سے نمٹنے اور اس پر قابو پانے کے لئے پاکستان کی حکمت عملی کو اجاگر کرتے ہوئے زور کہاکہ پہلے دن سے ہی پاکستان اس وباءپر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ پاکستان کی بروقت ، فعال حکمت عملی اور اس وباءکو روکنے کی کوششوں کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی تسلیم کیا ہے اور انہیں سراہا ہے۔
انہوں نے اس ضرورت پر زوردیا کہ سارک سیکریٹریٹ کو ایک علاقائی پلیٹ فارم کے طورپر فعال اور بااختیار بنایا جائے تاکہ علاقائی سطح پر اس وباءکا مقابلہ کیاجاسکے۔ دیگر اقدامات کے علاوہ انہوں نے سارک رکن ممالک سے روانگی پر مسافروں کی سکریننگ اور ایسا طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز دی جس کے ذریعے کورونا وائرس پر قابو پانے اور اس سے نمٹنے میں چین کی موثر کوششوں اورتجربہ سے سیکھا جائے جو سارک کا مبصر ملک ہے۔
انہوں نے سارک وزراءکانفرنس کی میزبانی کرنے کی پاکستان کی قبل ازیں دی گئی تجویز کو بھی دوہرایا۔