وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دعوت پر کویت کے وزیر خارجہ اور کابینہ امور کے وزیرمملکت عزت مآب شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح اٹھارہ سے انیس مارچ دوہزار اکیس کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ایک اعلی سطحی وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا جس میں کویت کی خارجہ امور، صحت، داخلہ، تجارت اورصنعت کی وزارتوں کے اعلی حکام شامل ہیں۔
کویت کے وزیر خارجہ یہ دورہ نومبر2020 میں نیامے، نائیجر میں ’او۔آئی۔سی‘ وزرا خارجہ کونسل کے سینتالیسویں اجلاس کے موقع پر وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ہونے والی دوطرفہ ملاقات کے تناظر میں کر رہے ہیں۔ دونوں وزرا خارجہ نے مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے لئے قریبی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق کیاتھا۔
دونوں وزرا خارجہ کے درمیان ہونے والی ہم آہنگی پر پیش رفت کے لئے کویت کے نائب وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور نے جنوری دوہزار اکیس میں پاکستان کا دورہ کیا اور خارجہ امور، داخلہ، سمندر پار پاکستانیوں، افرادی قوت کی ترقی کی وزارتوں اور اقتصادی امور ڈویژن کے علاوہ سرمایہ کاری بورڈ میں مشاورت منعقد کی تھی۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ وسیع امور پر بات چیت کے علاوہ کویت کے وزیر خارجہ دیگر اعلی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔
پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے جو مشترک عقیدے اور اقدار کے گہرے بندھن پر استوار ہیں۔ دوطرفہ تعلقات اعلی سطحی دوروں اور کثیر شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے تعاون سے عبارت ہیں۔ کورونا عالمی وبا کے دوران دونوں ممالک نے صحت اور فوڈ سکیورٹی کے شعبوں میں قریبی اشتراک عمل کیا ہے۔
پاکستان خلیج تعاون کونسل (جی۔سی۔سی) کے ارکان میں قربت لانے کے کویتی قیادت کے مثبت کردار کا اعتراف کرتا ہے۔ پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط بنانے کی کویت کی کوششوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی کرتا ہے۔
کویت کے وزیر خارجہ کے دورے سے دوطرفہ روابط اور باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی مثبت رفتارکو مزید تیز کرنے کا موقع میسرآئے گا۔