عالمی برادری کے ہمراہ پاکستان بھی آج ”یوم افریقہ 2020“ منانے کی خوشی میں شریک ہے۔
25 مئی 1963 کو افریقی اتحاد (جسے اس وقت ’کیو۔اے۔یو‘ کہاگیا) کے قیام کے تاریخ ساز موقع سے آج تک پوری دنیا میں یہ دن نوآبادت سے چھٹکارے کی افریقی اقوام کی جراتمندانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا ایک اور مقصد متنوع بھرپور افریقی ثقافت، تہذیبی کاوشوں، بے پناہ معاشی صلاحیتوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں افریقی عوام کی حاصل کردہ کامیابیوں کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ اس ضمن میں ایک نہایت ہی تاریخ ساز پیش رفت گزشتہ برس ’افریقی کانٹیننٹل ٹریڈ ایریا‘ (اے۔ سی۔ ایف۔ ٹی۔ اے) کے نام سے ہونے والے معاہدے کا سنگ میل عبور کرنا ہے جس کے ذریعے یہ خطہ آزادانہ تجارت کرنے والادنیا کا سب سے بڑا بلاک بن گیا ہے۔
افریقی اتحاد کی 57 ویں سالگرہ پر ہم برادر افریقی عوام اور ان کی قیادت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اورخیرسگالی کا پیغام دیتے ہیں۔
افریقی اتحاد امید کا استعارہ وعلامت بن کر آج دنیا میں سربلند ہے اور لاکھوں افریقی باشندے روشن مستقبل کی امید لئے متحد ہوکر مشترکہ اقدار و خوشحالی کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ رواں سال افریقی اتحاد کا یہ دن کورونا وباءکی صورتحال میں منایاجارہا ہے جس کے منفی اثرات دیگر دنیا کی طرح افریقی ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہیں۔ یہ عالمی وباءبنی نوع انسان کے لئے ایک بڑا خطرہ بن کر آئی ہے اور انسانیت کے لئے ایک مشترک دشمن بن چکی ہے جس سے نبردآما ہونے کی افریقی یونین اور اس کے رکن ممالک میں پوری صلاحیت موجود ہے۔
پاکستان کی افریقہ میں آباد دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون اور قریبی دوستانہ خوشگوار تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے۔ تاریخی طورپر پاکستان نے نوآبادیاتی حکمرانی وتسلط اور نسلی عصبیت سے نجات کی افریقی جدوجہدکی حمایت میں کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ استعداد کار میں اضافے، تربیت اور ہر ضرورت کے وقت انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت پاکستان نے افریقہ کی مدد کی ہے۔
یہ امر بھی نہایت باعث فخر ہے کہ 1960 سے افریقہ میں امن وسلامتی کی کاوشوں میں پاکستان شریک ہے۔ اقوام متحدہ کے پرچم تلے نیلے ہیلمٹ پہنے پاکستانی مردوخواتین دستے امن کے قیام میں اپنا کردارادا کررہے ہیں ۔ امن کے فروغ میں ان کا یہ کردار اب بھی جاری ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے خارجہ پالیسی وژن کے تحت پاکستان ’انگیج افریقہ‘ کی راہ پر گامزن ہے جو افریقی خطہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات استوار کرنے کی سمت میں ایک نیا ولولہ انگیز قدم ہے جس کے ذریعے سیاسی و سفارتی تعلقات کو نہ صرف مزید پختہ بنیادوں پر استوار کیاجارہا ہے بلکہ کثیرالجہتی باہمی مفاد اور معاشی تعلقات کی نئی راہیں بھی ہموار کی جارہی ہیںجبکہ عوامی سطح پر ثقافتی روابط کو مہمیز دی جارہی ہے۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی قائدانہ صلاحیتوں کی روشنی میں اس خواب کی تعبیر کے لئے کوششیں جارہی ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لئے افریقہ میں پاکستان کے سفارتی رابطوں اور وہاں موجودگی کو مزید بڑھایا اور موثر بنایا جارہا ہے۔
جنوری 2020 میں نیروبی میں پاکستان افریقہ تجارتی ترقی کے عنوان سے منعقدہ اولین کانفرنس کی بے مثال کامیابی دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو حقیقی انداز میں بروئے کار لانے اوران تعلقات کو نئی رفعتوں سے ہمکنار کرنے کے دوطرفہ عزم اورخواہش کا مظہر ہے۔
کورونا وباءسے مقابلے کے دوران یوم افریقہ2020 مناتے ہوئے پاکستان امن، ترقی اورخوشحالی کے لئے جہدوجہد کرتی قابل قدر افریقی اقوام کی حمایت اور ان سے یک جہتی کا بھرپور اظہار کرتا ہے۔ پاکستان افریقہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مشتراکہ اہداف کے لئے اس عمل کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کو بھی دوہراتے ہیں تاکہ ہمارے دوطرفہ خوشگوار تعلقات باہمی تعاون کے نئے دور میں داخل ہوں۔