ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی سفیر (ر) محمد صادق نے 16 اور 17 جون2020 کو دوہا، قطر کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے ملاعبدالغنی برادر سمیت طالبان رہنماوں سے ملاقات کی اور افغانستان میں امن و مفاہمتی عمل پر بات چیت کی۔
نمائندہ خصوصی نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان میں امن ومفاہمت کے لئے سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس تناظر میں انہوں نے بری فوج کے سربراہ کے حالہ دورہ کابل کا حوالہ دیا جس سے پاکستان کی کوششوں کو نئی مہمیز ملی ہے۔
نمائندہ خصوصی نے امریکہ طالبان امن معاہدے پر عمل درآمد کے لئے طالبان کے عہد کو سراہا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکہ طالبان امن معاہدے کے مطابق قیدیوں کی رہائی بین الافغان مذاکرات کے فوری آغاز کی جانب پیش رفت کا باعث بنے گی۔
پاکستان امید ظاہر کرتا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین افغانستان میں امن ومفاہمت کے لئے مخلصانہ کوششیں کریں گے۔ پاکستان اپنے حصے کے طورپر افغان امن عمل کی حمایت کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔