رسول کریم حضرت محمد ﷺ کے بارے میں بنگلور، کرناٹکا میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹ پر پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج
اسلام آباد: مورخہ 12 اگست2020
پاکستان نے رسول کریم حضرت محمد ﷺ کے خلاف بنگلور، کرناٹکا میں ہندواقلیتی برادری کے ایک انتہاءپسند کی جانب سے سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹ پراسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشن سے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔
توہین آمیز پوسٹ سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ بھارت میں اسلام کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت اور اقلیتی برادریوں کو نشانہ بنانے کا مظہر ہے۔ بھارتی پولیس نے مسلمانوں اور اسلام کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم روکنے کے بجائے اس واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر طاقت کا بہیمانہ استعمال کرتے ہوئے تین مظاہرین کو ہی شہید کردیا جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔ مزید ناانصافی کرتے ہوئے علاقے کی مسلمان آبادی کو پولیس اہلکار پر حملے اور توڑپھوڑ کے جھوٹے الزامات کے تحت غیرقانونی طورپر پھنسایا جارہا ہے۔
بھارت میں مذہبی نفرت پر مبنی جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات آر۔ایس۔ایس، بی۔جے۔پی کے مشترکہ انتہاءپسند ’ہندتوا‘ نظریے کا براہ راست نتیجہ ہیں۔
واقعے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان کی سول سوسائیٹی بھارت میں مسلمان اقلیت آبادی کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتی ہے۔
پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ بھارتی حکومت واقعہ کی تحقیقات کرے اور مذہبی نفرت پھیلانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ بھارتی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی جان ومال اور عزت وآبرو کی حفاظت یقینی بنائی جائے اورنفرت پر مبنی تقاریر، اسلام کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم اور مسلمانوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
عالمی برادری، اقوام متحدہ اور متعلقہ عالمی تنظیموں کوبھارت کے اندر بڑھتی ہوئی اسلام سے نفرت کی لہر کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور بھارت میں اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنانا چاہئے۔