پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
443/2020
پاکستان کا جلال آبادکے سٹیڈیم میں المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار
 
اسلام آباد : مورخہ 21 اکتوبر2020
 
ہمیں جلال آباد سٹیڈیم میں بھگدڑ کے نتیجے میں افغان قیمتی جانوں کے ضیاع اور افراد کے زخمی ہونے کی خبر سن کر دلی رنج وغم اور افسوس ہوا ہے۔ یہ واقعہ افغانستان میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل سے کئی کلومیٹر دور اس مقام پر پیش آیا جہاں صوبائی حکام نے پاکستانی ویزا کے حصول کے لئے آنے والے افغان شہریوں کے لئے انتظامات کئے ہوئے تھے۔ ہم متاثرہ خاندانوں سے اس حادثے پر تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں۔ 
 
بڑی تعداد میں ویزا کے لئے درخواستوں کے موصول ہونے کی بناءپر حکومت پاکستان نے اپنے افغان بھائیوں اور بہنوں کی سہولت کے لئے حال میں نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ اور جلال آباد، قندھار، ہرات اور مزارشریف میں ذیلی مشنز افغان درخواستوں پر ملٹی پل ویزا جاری کررہے ہیں تاکہ افغان شہری پاکستان میں اپنے خاندان، کاروبار، علاج، تعلیم اور دیگر مقاصد کے لئے تشریف لاسکیں۔ 
 
افغانستان میں پاکستان کا سفارت خانہ اور اس کے ذیلی مشنز نئی ویزا پالیسی پر عمل درآمد اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں ویزا درخواستوں پر سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ افغان عوام سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے افغان حکام سے ہماری گزارش ہے کہ ویزا کے حصول کے لئے آنے والے درخواست گزاروں کے لئے بہتر انتظامات کئے جائیں تاکہ ان کا تحفظ اور سہولت یقینی بنائی جائے۔ 
٭٭٭٭٭
443/2020
Close Search Window