پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
531/2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے صومالیہ کے وزیرمملکت خارجہ امور کی ملاقات
 
اسلام آباد: مورخہ 28 نومبر2020
 
صومالیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور جناب بلال محمد عثمان نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ’او۔آئی۔سی‘ وزراخارجہ کونسل کے سینتالیسویں اجلاس کے موقع پرنیامے، نائیجر میں ملاقات کی۔ 
 
ملاقات کے دوران اطراف نے وسیع امور پر بات چیت کی جس میں خاص طورپر پاکستان اور صومالیہ کے تعلقات اور کثیرالقومی اداروں میں تعاون پر غور کیاگیا۔ 
 
تاریخی روابط اور پاکستان کی صومالیہ کے لئے پختہ حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے مختلف شعبہ جات خاص طورپر تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کومزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 
 
وزیر خارجہ نے کہا کہ ’افریقہ سے روابط‘ (انگیج افریقہ) کا اقدام اس امر کا مظہر ہے کہ پاکستان افریقہ اور صومالیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو کس قدر زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ 
 
صومالیہ کے وزیر مملکت نے مسلسل حمایت کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور متعدد شعبہ جات میں قریبی تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
 
صومالیہ کے مجموعی حالات بیان کرتے ہوئے انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اپنے ملک میں امن وامان کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ صومالیہ انسانی وسائل کی ترقی اور انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ 
 
وزیر مملکت نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ صومالیہ میں سرمایہ کاری سے متعلق بہترین مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے اس ضمن میں کلیدی شعبہ جات کے طورپر لائیوسٹاک، ماہی گیری، زراعت اور قدرتی وسائل کی نشاندہی کی۔ 
 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یقین دلایا کہ پاکستان صومالیہ کی تعمیر نو اور معاشی ترقی کے لئے بھرپور مدد کرے گا۔ 
 
اطراف نے باہمی دلچسپی کے کلیدی امور پر پیش رفت کے لئے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔ 
٭٭٭٭٭
531/2020
Close Search Window