وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کوبحرین کے وزیر خارجہ عزت مآب ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی نے آج ٹیلی فون کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بحرین کے اپنے ہم منصب کو سعودی عرب، العلامیں پانچ جنوری دوہزار اکیس کو ’جی۔سی۔سی‘ سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارک دی۔ انہوں نے تنظیم کے تمام رکن ممالک کی جانب سے مثبت اقدامات کو سراہا جس سے متازعہ امور کے حل میں کامیابی ہوئی۔ وزیرخارجہ نے امید ظاہر کی کہ تعاون کے جذبے سے خطے میں امن کو تقویت ملے گی اور ترقی وخوش حالی کی راہ ہموار ہوگی۔
دونوں وزراءخارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو متنوع اور مزید مضبوط بنانے اور ’او۔آئی۔سی‘، اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں میں اشتراک عمل فروغ دینے کے لئے مختلف طریقہ ہائے کار پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نومبر دوہزار بیس میں نیامے میں ’او۔آئی۔سی‘ وزراءخارجہ کونسل کے سینتالیسویں میں اجلاس کے دوران حمایت پر بحرین کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزراءخارجہ نے علاقائی اور عالمی امور پر رابطے استوار رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔