Homeپریس ریلیزوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تاریخی تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے پر تبادلہ خیال
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تاریخی تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے پر تبادلہ خیال
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات (یو۔اے۔ای) کے سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الزابی کا آج وزارت امور خارجہ آمد پر استقبال کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شیخ زید بن سلطان آل نہیان مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا (اللہ ان کی مغفرت فرمائے) جنہوں نے دونوں مالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لئے بے پناہ کاوشیں کیں۔ وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ کہ ’یو۔اے۔ای‘ اور اس کی قیادت نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ’یو۔اے۔ای‘ کے درمیان استوار تعلقات کی نوعیت بہت خاص ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قیادت کی سطح پر گرمجوشی اور مشترک عقیدے، اقدار اور ثقافت کی بنا پر عوامی سطح پر گہرے مراسم سے دونوں ممالک کے تعلقات کو بہت فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ’یو۔اے۔ای‘ کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو ہمیشہ سے بے پناہ اہمیت دیتا ہے۔
دسمبر 2020 میں ’یو۔اے۔ای‘ کے اپنے کامیاب دورے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دونوں طرف سے اعلی سطح کے دوروں کے تبادلے کی اہمیت کو اجاگر کیا جن کی بدولت کثیر الجہتی باہمی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں ایک نئی مہمیز ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں صحت عامہ کو لاحق حالیہ خطرات کی صورتحال بہتر ہوتے ہی وہ ’یو۔اے۔ای‘ کے ساتھ اعلی سطحی روابط بڑھانے کے لئے چشم براہ ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے لئے 3500سکوائر میٹرز پر محیط ایکسپو پویلین 2020 (جو 2021 میں منعقد ہونی ہے) کی فراہمی میں مدد پر’یو۔اے۔ای‘ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس پویلین کے ذریعے پاکستان کی ثقافت، سرمایہ کاری کے مواقع اور سیاحت کے شعبے میں امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔ یہ عرب دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے جس میں 190 ممالک شریک ہوں گے جبکہ اڑھائی کروڑ افراد کی اس میں شرکت متوقع ہے۔
’یو۔اے۔ای‘ کے سفیر نے’یو۔اے۔ای‘ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک اور ان کے عوام کے باہمی مفاد میں تمام شعبہ جات میں تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے لئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے’یو۔اے۔ای‘ کی ترقی و بہتری میں پاکستانیوں کی مثبت کاوشوں کا اعتراف کیا۔
سفیر الزابی نے باہمی احترام، ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید ترقی دینے کی’یو۔اے۔ای‘ کی خواہش کا اعادہ کیا۔
’یو۔اے۔ای‘ مشرق وسطی میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ عزت مآب شیخ محمد بن زید آل نہیان کی سرپرستی میں (یو۔اے۔ای پاکستان اسسٹینس پروگرام) تعلیم، صحت، توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے پاکستان کو قابل قدر مدد فراہم کی گئی۔’یو۔اے۔ای‘ میںسولہ لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو بیرون ملک پاکستانیوں کی دوسری بڑی جائے سکونت ہے۔