پریس ریلیز|

(پریس ریلیز نمبر73/2021)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے افغانستان کی مسعود فاونڈیشن کے سربراہ احمد ولی مسعود کی ملاقات
 
اسلام آباد: مورخہ 19 فروری 2021
 
افغانستان کی مسعود فاونڈیشن کے سربراہ جناب احمد ولی مسعود نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے آج ملاقات کی۔
 
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جناب احمد ولی مسعود کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور افغانستان میں مزاحمت کے دوران کلیدی مجاہدین رہنما کمانڈر احمد شاہ مسعود کی تاریخی خدمات کو سراہا۔
 
افغان عمل کے بارے میں وزیر خارجہ نے امریکہ طالبان امن معاہدے اور بین الافغان مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کی سہولت کاری کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ افغان قائدین اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے حصول کے لئے اس تاریخی موقعے کو بروئے کار لائیں۔
 
وزیر خارجہ نے تشدد کی موجودہ سطح پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام فریقین تشدد میں کمی لانے کے لئے اقدامات کریں جو جنگ بندی پر منتج ہو۔ وزیر خارجہ نے ”خرابی“ کا کردار ادا کرنے والوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امر کو اجاگرکیا کہ افغانستان میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اعادہ کیا کہ پاکستان کا تمام اطراف کے لئے پیغام ہے کہ ایک پرامن، مستحکم اور خوش حال افغانستان کے لئے تعمیری انداز میں مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے تجارت، معاشی تعاون اور علاقائی روابط کے نئے راستے کھلیں گے۔
 
وزیر خارجہ نے اجاگر کیا کہ پاکستان نے دوطرفہ تعاون اور عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن میں کورونا وبا کے باوجود سرحد کھولنا،ویزا کی فراہمی کے لئے دوستانہ طریقہ کار اور افغان طالب علموں کے لئے وظائف کا اجرا شامل ہیں۔ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ یہ عملی اقدامات افغانستان کے ساتھ قریبی تعلقات کار استوار کرنے کی پاکستانی خواہش کا مظہر ہیں۔ وزیر خارجہ نے سماجی شعبے میں مسعود فاونڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ ادارہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں اور سول سوسائیٹی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
 
وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ خواہش کے مطابق افغان امن عمل افغانستان میں امن واستحکام کی واپسی کے مطلوبہ ہدف کو حاصل کرے گا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے حصے کے طورپر اس ضمن میں اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
٭٭٭٭٭
73/2021
Close Search Window