سلطنتِ عمان میں مقیم پاکستان کمیونٹی کے معزز اور محترم اراکین حالیہ کورونا وباء کی تباہ کاریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ اسکے مضمرات اور منفی اثرات نے جہاں عالمِ انسانیت کو شدید معاشی، معاشرتی اور طبی خطرات سے دو چار کیا ہے وہیں پاکستان کے معشیت بھی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے اس تناظر میں بیرونی ممالک میں بسنے والے محبِ وطن اور پاکستان سے دِلی وابستگی رکھنے والے پاکستانیوں سے اپیل کی تھی کہ اس معاشی چیلنج سے نبٹنے کیلئے اپنی روایتی فیاضی اور شاندار سخاوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم کے
Covod-19 Pandemic
ریلیف فنڈ اکاؤنٹ میں دل کھول کر اپنے قیمتی عطیات جمع کروائیں۔
اس ضِمن میں سلطنتِ عمان میں متعین سفیرپاکستان عزت مآب جناب کےکےاحسن وگن صاحب نے عمان کے طول و عرض میں مقیم تقریباً ڈھائی لاکھ پاکستانیوں، مخیرحضرات اور فلاحی تنظیموں میں وزیراعظم پاکستان کے اس پیغام کو اپنی تمام تر کاوشوں اور سفارتی مہارت کو بروئے کارلاتے ہوئے نہ صرف عام کیابلکہ انہیں یہ باور کروایا کہ پاکستان کی تاریخ میں جب بھی کڑا وقت آیا ہے تو زندہ اور غیورپاکستانی قوم نے اپنے عزمِ مصمّم اور جُہدِ مسلسل سے وطنِ عزیز کا پرچم بین الاقوامی برادری میں ہمیشہ بلند سے بلندتر کیاہے۔ اور اس جذبہ سخاوت کے پیشِ نظر انہیں وزیراعظم کے فنڈ میں دل کھول کر اپنا قیمتی زرِ مبادلہ جمع کروانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سلسلے میں کل سفارتخانہ پاکستان میں ایک سادہ مگر پُر وقار تقریب میں عمان میں قائم پاکستانیوں کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم پاکستان سوشل کلب کے چیئر مین اور انکے ڈائریکٹر ز کی ٹیم نے سفیر پاکستان کو مبلغ-/ 5000عمانی ریال (تقریباً 13,020/-امریکی ڈالر) کا چیک وزیراعظم فنڈ کیلئے پیش کیا۔ واضح رہے کہ یہی تنظیم اس سے قبل بھی مبلغ2000/-عمانی ریال(تقریباً 5,208/-امریکی ڈالر)کا چیک وزیرِاعظم کے فنڈ میں جمع کرواچکی ہے۔
آخر میں سفارتخانہِ پاکستان عمان میں مقیم اپنے تمام محترم اراکین کمیونٹی سے پُرزور استدعا کرتا ہے کہ جنابِ وزیراعظم کے فنڈ میں اپنے قیمتی عطیات دل کھول کر جمع کروائیں اور اپنے متعلقہ احباب اور عزیزوں کو بھی اس کارِ خیر میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔ آپکی یہ کاوش نہ صرف فلاح انسانیت میں معاون ہوگی بلکہ بے شمار رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنے کا باعث بھی ہوگی۔ رب کریم و قیوم آپکو اس کارِ خیر میں عملاً حصہ لینے کی توفیقِ رفیق عطا فرمائیں۔ آمین یا ربّ العٰلمین۔
سفارتخانہ پاکستان، مسقط 24 July 2020