کینیڈا کے دارلحکومت اٹاوا میں پاکستان نژاد ارکان سینٹر سلمیٰ عطا اللہ جان اور رکن پارلیمنٹ پال چیانگ کی میزبانی میں ایک روح پرور محفل سماع کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان سے آئے ہوئے مشہور صوفی قوال فرید ایاز، ابو محمد قوال اور ہمنوا نے سر زمین پاکستان کے مشہور صوفیوں کی کافیوں اور نعتیہ کلام پر مبنی قوالیوں کے ذریعے گھنٹوں تک کینیڈین مہمانوں کو مسحور کیے رکھا۔
کینیڈین پارلیمان کی تاریخی میکڈونلڈ بلڈنگ میں منعقدہ اس تقریب کے آغاز پر سینٹر سلمیٰ عطا اللہ جان ، ایم پی پال چیانگ اور کینیڈا میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
محفل سماع میں پاکستان نژاد ارکان پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد،یاسر نقوی،سمیر زبیری، شفقت علی،اقراخالد کے علاوہ دیگر کینیڈین سینٹرز، ارکان پارلیمنٹ،اعلیٰ کینیڈین حکام، غیر ملکی سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارت کاروں، سول سوسائٹی اور کینیڈین پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان ظہیر جنجوعہ نے کینیڈا میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے اور خیبر سے مہران تک پاکستان میں بکھرے موسیقی کے رنگوں کو قوالی کی صورت میں اپنے ساتھی کینیڈین پارلیمنٹرینز اور کینیڈین عوام کے سامنے پیش کرنے پرسینیٹر سلمی عطااللہ جان اور ایم پی پال چیانگ کو خراج تحسین پیش کیا۔
سینٹرسلمیٰ عطا اللہ جان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ کینیڈین پارلیمنٹ کے زیر اہتمام ماہ مئی کو بطور ایشائی ثقافتی مہینہ منائے جانے کے موقع پر پاکستان کے صوفی قوالی فن کو اپنے پارلیمنٹ کے ساتھیوں اور کینیڈین عوام کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔
کراچی میں پیدا ہونے والے کینیڈین رکن پارلیمان پال چیانگ نے کہا کہ ان کا بچپن اور جوانی پاکستانی میں گذری ہے اور وہ قوالیاں سنتے ہوئے جوان ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ سینٹر سلمیٰ عطا اللہ جان کے ساتھ مل کر محفل سماع کے انعقاد پر دلی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
اس موقع پر مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف بھی عشائیہ دیا گیا۔